وزیر خارجہ بلاول کی یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات

December 16, 2022

بشکریہ ٹوئٹر

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوٹریس سے ملاقات کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس سے ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کی بحالی سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی۔


ملاقات میں بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی اور تعمیرِ نو کی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خارجہ نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں مدد پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی تعریف کی اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے یو این کی مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے 9 جنوری کو جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کو سراہا۔

انتونیو گوٹرییس کا کہنا تھا کہ 9 جنوری کانفرنس کی کامیابی اور پاکستان کی تعمیرِ نو اولین ترجیح ہے۔

اس سے قبل نیویارک میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن تو مر چکا ہے مگر گجرات کا قصائی زندہ ہے اور بھارت کا وزیراعظم بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت گاندھی کی نہیں ، گاندھی جی کے قاتل کے نظریات پر یقین رکھتی ہے اور ہٹلر سے متاثر ہے۔

عمران خان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی جماعت کی دس چھوڑی ہوئی نشستوں میں سے تین ہار گئے ، اگر میری جماعت اپنی دس نشستوں میں سے تین ہار جاتی تو مجھے تو بہت تشویش ہوتی۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر پیر کو واشنگٹن پہنچیں گے۔

وہ دورے کے دوران اعلیٰ امریکی عہدیداران کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے علاوہ بلاول بھٹو واشنگٹن میں مقامی تھینک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔