امپورٹڈ سرکار دہشت گردی سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے: عمران خان

December 19, 2022

سابق وزیرِ اعظم عمران خان—فائل فوٹو

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ سرکار پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ افغان سرحد پر ’دوستانہ‘ افغان فوج کے حملوں کے تدارک میں بھی ناکام ہوئے، ہمارے جوان، پولیس اہلکار اور لوگ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات، مغربی سرحد سے حملوں میں اضافہ مجرموں کی اس سرکار کے بیانیے میں جگہ نہیں بنا پا رہا، ان کی ساری توانائیاں این آر او ٹو اور اس کے تحفظ پر مرکوز ہیں۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابات سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت مستحکم کرنے کا واحد کلیہ ہیں، معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات کے انعقاد سے گھبرا رہے ہیں۔