پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے نوٹیفکیشن میں تاخیر کس کی وجہ سے ہوئی؟

December 23, 2022

پرویز الہٰی—فائل فوٹو

وزیرِاعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے نوٹیفکیشن میں تاخیر کس کی وجہ سے ہوئی ہے؟

اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو ڈی نوٹی فائی کرنے کے نوٹیفکیشن میں تاخیر چیف سیکریٹری عبداللّٰہ سُنبل کی وجہ سے ہوئی۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کی جانب سے وزیرِاعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن کل دوپہر تیار کر لیا گیا تھا، چیف سیکریٹری کو مطلع کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ کابینہ کے اجلاس میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ چیف سیکریٹری سے دوبارہ رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ قانونی مشورہ کر لوں، جس کے بعد گزشتہ رات ساڑھے 11 بجے چیف سیکریٹری کی جانب سے رضا مندی ظاہر کی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ چیف سیکریٹری کی رضا مندی کے بعد وزیرِاعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی تفصیلات سے نواز شریف اور وزیرِاعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا جاتا رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے وزیرِ اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کر دیا

واضح رہے کہ گزشتہ شب گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔

گورنر پنجاب کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی نے آئین کے آرٹیکل 130(7) کے تحت جاری آرڈر میں مقررہ دن اور وقت پر اعتماد کا ووٹ لینے سے گریز کیا اس لیے انہیں ڈی نوٹیفائی کیا جاتا ہے، جبکہ اس آرڈر کے تحت پنجا ب کابینہ بھی تحلیل کی جاتی ہے۔

گورنر پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یقین ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کو اراکینِ اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں ہے۔

نوٹیفکیشن کے بعد پنجاب کابینہ ختم ہو گئی، تاہم نوٹیفکیشن کے مطابق نئے وزیرِ اعلیٰ کے آنے تک پرویز الہیٰ بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کام کرتے رہیں گے۔