اسلام آباد میں ہائی ’ویلیو ٹارگٹ‘ کو نشانہ بنانے کیلئے گاڑی روانہ کی گئی تھی، وزیر داخلہ

December 23, 2022

فائل فوٹو

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہاسلام آباد میں ہائی ’ویلیو ٹارگٹ‘ کو نشانہ بنانے کے لیے آج صبح بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی۔

وزیر داخلہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہبارود سے بھری گاڑی آئی جے پرنسپل روڈ راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی جس میں ایک مرد اور خاتون دہشت گرد سوار تھے،دھماکے میں دونوں ہلاک ہوئے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ایگل اسکواڈ نے گشت کے دوران مشکوک سمجھتے ہوئے گاڑی کو روکا تو اسی دوران گاڑی میں دھماکا ہوگیا جس سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ دھماکے میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی فرض شناسی سے اسلام آباد بڑے حادثے سے محفوظ رہا، فرض شناسی پر پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے شہید اہلکار عدیل حسینکے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دیا جائے گا۔