شمالی بلوچستان شدید ترین سردی کی لپیٹ میں، زیارت میں درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ

December 23, 2022

فائل فوٹو

شمالی بلوچستان شدید ترین سردی کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابقوادی زیارت میں درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائبیرین ہوائیں چلنے سے شمالی بلوچستان میں نظام زندگی شدید متاثر ہورہا ہے، وادی زیارت، پشین، حرم زئی میں گیس غائب ہونے سے صارفین کو مشکلات ہیں۔

کان مہتر زئی، توبہ اچکزئی، کوہ خواجہ عمران، خانو زئی میں درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا،چمن میں درجہ حرارت منفی 3، پرانا چمن میں منفی 5 تک گرگیا۔

شمالی بلوچستان کے ہزاروں سیلاب متاثرین کو بھی سرد موسم میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اتوار سے بارش اور برفباری برسانے والا مغربی سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

برفباری کی صورت میں این 50 پر ٹرانسپورٹرز کیلئے موٹروے پولیس نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

سیکٹر کمانڈر موٹروے کے مطابق کوئٹہ، قلعہ سیف اللّٰہ، ژوب این 50 شاہراہ پر برفباری کے دوران شہری احتیاط کریں۔

کمانڈر نے مزید کہا کہ کان مہتر زئی، خانوزئی، زیارت کراس پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔