آسٹریلیا، پولیس اہلکار نے تعاون نہ کرنے پر شیشہ توڑ کر خاتون کو گاڑی سے باہر نکال دیا

January 20, 2023

اسکرین گریب

آسٹریلیا میں پولیس نے سوالوں کا جواب دینے سے گریز اور تعاون نہ کرنے پر خاتون کو گاڑی کا شیشہ توڑ کر باہر نکال لیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گاڑی میں سوار خاتون اور ایک شخص کو ہائی وے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے روکا جس کے بعد خاتون نے پولیس سے تعاون نہ کیا اور مسلسل وہ گاڑی سے باہر نکلنے سے انکار کرتی رہی۔

رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے نام اور دیگر تفصیلات پوچھنے پر گاڑی میں موجود خاتون اور مرد کہتے رہے کہ ہم آپ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔

واقعے کی ویڈیو میںبھی دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار گاڑی کا شیشہ توڑنے سے پہلے خاتون کو متنبہ کرتا ہے تاہم پھر بھی وہ گاڑی سے باہر نکلنے سے انکار کرتی رہی۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی رجسٹریشن ایکسپائر تھی جبکہ 52 سالہ خاتون پر مبینہ طور پر گھریلو تشدد کے 2 وارنٹس بھی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اسے عدالت میںپیش کیا جائے گا۔