گجرات جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی، ڈی ایس پی، 2 اہلکار زخمی

January 23, 2023

گجرات ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں نے ہنگامی آرائی کرتے ہوئے بیرکوں میں توڑ پھوڑ کی اور گوداموں، بیرکوں کو آگ لگا دی، جبکہ اس دوران ڈی ایس پی اور دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

صورت حال کنٹرول کرنے کیلئے جیل پولیس کی طرف سے شیلنگ کی گئی، قیدیوں نے جیل کے ایک حصے پر قبضہ کرکے اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں نے بیرک میں کپڑے لٹکانے والی کھونٹیاں اتارنے پر ہنگامہ کیا، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے بیرک سے کھونٹیاں اتارنے پر قیدیوں سے جھگڑا ہوا۔

ریسکیو اور پولیس کی بھاری نفری نے گجرات ڈسٹرکٹ جیل کو حصار میں لے لیا، جبکہ آر پی او گوجرانولہ قیدیوں سے مذاکرات کیلئے پہنچ گئے۔