بریڈ فورڈ ویسٹ کے سکولمور قبرستان میں پانی بھر جانے پر کمیونٹی میں تشویش

January 28, 2023

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) بریڈفورڈ ویسٹ کے سکولمور قبرستان میں سیوریج کا پانی بھر جانے پر مسلمان کمیونٹی میں تشویش،کمیونٹی نے بریڈفورڈ کونسل اورکونسل برائے مساجد سے معاملے کو حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ بریڈفورڈ ویسٹ کی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ ایم پی نے قبرستان کے حوالے سے کونسل برائے مساجد کے صدر سے بات کی اور کہا کہ کونسل برائے مساجد کے صدر نے قبرستان کے بارے میں یقین دلایا کہ قیاس آرائیوں کےبرعکس قبرستان میں موجود پانی تشویش کا باعث ہے لیکن وہ بارش کا پانی ہے اور متاثرہ قبروں کے آس پاس کوئی سیوریج پائپ نہیں ہے، کونسل برائے مساجد جو قبرستان کا انتظام کرتی ہے، کا کہنا تھا کہ وہ زیر زمین پانی کی نکاسی کی تنصیب کے ذمہ دار نہیں ہیں یہ کام بریڈفورڈ کونسل کی طرف سے شروع کیا گیا تھا اور ایک خود مختار ٹھیکیدار نے انجام دیا تھا۔ کونسل برائے مساجد بریڈ فورڈ میٹروپولیٹن ڈسٹرکٹ کونسل کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے فوری طور پر کام کر رہی ہے، گزشتہ ہفتے تمام نکاسی کے پائپوں کی مکمل چھان بین کی گئی اور مزید اضافی پانی کی نکاسی کی تنصیب کی جائے گی۔ کونسل برائے مساجد 31 جنوری کو شام 5 بجے خدمت سینٹرمیں ایک کمیونٹی پروگرام کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ براہ راست لوگوں کے مسائل جان سکے اور ان کے تحفظات دور کر سکے۔ ناز شاہ ایم پی نے کمیونٹی سےاپیل کی کہ وہ ایسی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں جو درست نہ ہو اور خاندانوں کیلئے خطرے اور پریشانی کا باعث بنے۔انہوں نے کہا میں سمجھتی ہوں کہ اس طرح کا مسئلہ ان خاندانوں کیلئےکتنا اہم ہے جن کے پیاروں کو اس قبرستان میں دفن کیا گیا ہے اور اس لیے میں اس مسئلے پر اپنا کام جاری رکھوں گی ۔