برٹش میوزیم کا سٹاف 13 فروری سے سات دن کی ہڑتال کرے گا

January 30, 2023

لندن (پی اے) ملازمتوں، تنخواہوں اور پنشن پر طویل عرصے سے جاری تنازع میں سب سے بڑی سول سروس یونین نے ہڑتالوں کی تازہ کال دے دی ہے۔ برٹش میوزیم میں پبلک اینڈ کمرشل سروس یونین (پی سی ایس) فروری ہاف ٹرم کے دوران ہڑتال کا صنعتی اقدام کرے گی۔ میوزیم کی وزیٹر سروسز اور سیکورٹی ٹیموں کے 100سے زائد ارکان 13فروری سے سات دن کیلئے صنعتی اقدام کریں گے۔ پی سی ایس کے 60سے زائد ممبرز ویلز میں ڈرائیور اینڈ وہیکل لائسنسنگ ایجنسی (ڈی وی ایل اے) میں پانچ دن کیلئے ہڑتال کی کارروائی شروع کر رہے ہیں۔ یونین کا کہنا ہے کہ 13اور 17 فروری کے درمیان ہڑتال سے ڈرائیونگ لائسنسز کی پرنٹنگ میں خلل پڑنے کا امکان ہے اور ہز میجسٹی ریونیو اینڈ کسٹمز (ایچ ایم آر سی) اور ڈپارٹمنٹ فار ورک اینڈ پنشن (ڈی ڈبلیو پی) میں دیگر پرنٹ جاب پر اثر پڑے گا۔ ایک الگ تنازع میں انگلینڈ اینڈ ویلز کی 80سے زیادہ عدالتوں میں لیگل ایڈوائزرز اور کورٹ ایسوسی ایٹس کے طور پر کام کرنے والے پی سی ایس یونین کے ارکان نے بھی 3 فروری سے چار دن کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان اگلے بدھ کو تقریباً نصف ملین ورکرز کی ہڑتال سے پہلے کیا گیا ہے، جس میں پی سی ایس کے 100,000 اراکان بھی شامل ہوں گے۔ پی سی ایس کے جنرل سیکرٹری مارک سرووٹکا نے کہاکہ ہم نے منسٹرز کو متنبہ کیا کہ اگر انہوں نے ہمارے مطالبات کو نظر انداز کیا تو ہماری ہڑتال کی کارروائی مزید پھیل جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے الفاظ پر پورا اترتے ہیں۔ کسی بھی نئی پے آفر کے ساتھ میز پر نہ آنے کی صورت میں حکومت خود اپنی ورک فورس کو ناکام بنا رہی ہے یہ وہ افرادی قوت ہے، جس کی کورونا وائرس کوویڈ 19پینڈامک کے دوران اتھک محنت اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ملک چلانے کیلئے حکومت نے تعریف کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس دیرینہ تنازعکو حل کرنے میں سنجیدہ ہوتی ہے تو منسٹرز اس کو کل ہی حل کر سکتے ہیںانہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ شرم کے ساتھ سر ریت میں دبانے کے بجائے اس بارے میں سنجیدگی سے غورکرے اگر ایسا نہ ہوا تو ہم ہڑتال پر جائیںگے اور حکومت کو بدھ کو ہماری یونین کی طرف سے ایک دہائی میںبڑی ہڑتال کی کارروائی دیکھنے کو ملے گی، جس میں پورے انگلینڈ،سکاٹ لینڈ اور ویلز میں ہمارے 100,000ارکان حکومت کو بتائیں گے کہ موجودہ بڑھتے ہوئے مصارف زندگی اور اس سے آگے کو پورا کرنے میں مدد کیلئے اپنی تنخواہوں میں اضافہ چاہتے ہیں۔