عوام پر پٹرول بم گرایا گیا، غریب خودکشیوں پر مجبور، مذہبی وسیاسی رہنما

January 30, 2023

لاہور(خبرنگار)جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی، پروفیسر عبد المجید، مولانا شکیل الرحمٰن ناصر اور حافظ عبد الوحید شاہد نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے غریب عوام کو خود کشیوں پر مجبور کردیا ہے ۔ عندلیب عباس نے کہا کہ اکنامک ہٹ مین کا عوام کا ایک اور معاشی قتل ہوا۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے کا اضافہ کر کے غریبوں پر مہنگائی کا بم گرا دیا یاد رہے۔ مجلس وحدت مسلمین وسطی پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کو حکومتی کنٹرول سے باہر کرنے کے فیصلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت اپنے نیب کیسز ختم کرانے آئی تھی اِن کا مقصد معیشت بچانا اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا نہیں تھا ۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اسحاق ڈار معیشت بدلنے کے لئے نہیں بلکہ بدلہ لینے کے لئے چھٹی پر پاکستان آئے ہیں۔امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے اضافہ یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کی مشکلات و پریشانی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔پٹرول کی قیمت میں 35 روپے اضافے سے عوام کو مہنگائی کے نئے طوفان کا سامنا کرنے پڑے گا۔مملکتِ خداداد کی عوام جس صورتحال سے دوچار ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے۔ مہنگائی کے منہ زور طوفان نے کئی مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں نے مہنگائی کے ذریعے عوام کے معاشی قتل کی قسم کھا رکھی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کی پسی عوام پر پیٹرول بم گرانے کے مترادف ہے۔ روس سے سستے پٹرول کے معاہدوں کے بعد پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرنا قوم کے عوام کیساتھ دھوکہ اور فراڈ ہے۔ عام آدمی پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی سے فاقوںکی نوبت پر آگیا ہے۔