آزاد کشمیر، ضلع ہٹیاں بالا محلہ موہری میں آتشزدگی، 9 مکانات جل گئے

February 05, 2023

فائل فوٹو

آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا کی یو سی سینا دامن کے محلہ موہری میں آگ لگنے سے 9 مکانات جل گئے اور 2 بچوں سمیت 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

علاقہ دشوار گزار اور سڑک نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ نہ پہنچ سکا۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پالیا۔

محلہ موہری کے علاقہ مکینوں کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث ایک مکان میں لگی۔ جس نے دیکھتے دیکھتے دیگر مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے سے 9 مکانات جل گئے اور 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد دے دی گئی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق جلنے والے مکانات دو، دو، تین، تین منزلہ تھے جن میں رکھا ہوا لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔