دلہن فوٹو شوٹ کے دوران نسیم شاہ سے ملاقات پر بےحد خوش، ویڈیو وائرل

March 06, 2023

فوٹو، انسٹاگرام

شادی کے فوٹو شوٹ کے دوران اچانک قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ سے ملاقات ہونے پر نئی نویلی دلہن خوشی سے نہال ہوگئی۔

نسیم شاہ کی سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک نئی نویلی دلہن کو قومی کرکٹر سے ملاقات کرتےاور تصویر بنواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں نوبیاہتا جوڑے کی شادی کا فوٹو شوٹ ہورہا تھا اور وہیں پر فاسٹ باؤلر ایک شخص کے ساتھ بیٹھے کھانا کھانے میں مصروف تھے۔


جیسے ہی کرکٹر کی مداح دُلہن نے اُنہیں دیکھا تو شادی کا فوٹو شوٹ روک کر اپنے دولہے کے ہمراہ ان سے ملنے کے لیے آگئی۔

نسیم شاہ جوکہ کھانا کھا رہے تھے دولہا دلہن سے ملنے کے لیے اپنا کھانا چھوڑ کر اُٹھے اُنہیں شادی کی مبارکباد دی اور ان کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔

اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔