رمضان میں مسجد نبوی ﷺ میں کس حد تک صفائی انتظامات بڑھائے جاتے ہیں؟

March 29, 2023

فائل فوٹو

رمضان المبارک میں مسجد نبوی ﷺ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو خاص حد تک بڑھا دیا جاتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبویﷺ کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی نے رمضان المبارک میں مسجد نبویﷺ میں صفائی اور جراثیم کشی کی کوششوں کو تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق مسجد نبویﷺ اور اس کی تنصیبات کو دن میں 5 بار 18 ہزار لیٹر ماحول دوست جراثیم کش مواد اور 1500 لیٹر فریشنرز سے صاف کیا جا رہا ہے تاکہ صفائی اور حفظانِ صحت کی اعلیٰ ترین سطح کو یقینی بنایا جا سکے۔

جنرل پریذیڈنسی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مسجد نبوی ﷺ اور اس کے صحنوں کو روزانہ 5 بار جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، بیت الخلاء کو دن میں 10بار صاف کیا جاتا ہے اور جوتوں کے ڈبوں کو روزانہ 3 بار جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مسجد نبوی ﷺ میں 300 قالین صاف کرنے اور 92 فرش دھونے والی مشینیں مسجد کے قالینوں اور فرشوں کو صاف کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔