ایک پارٹی کو لاقانونیت کی کب تک اجازت دی جاتی رہیگی، شرجیل میمن

April 02, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ قانون سب کیلئے ایک جیسا ہوگا تو ملک چل سکتا ہے پاکستان کی تاریخ میں آئین و قانون کی اتنی بے توقیری کبھی نہیں ہوئی جتنی آج ہو رہی ہے،ایک پارٹی کو لاقانونیت کی کب تک اجازت دی جاتی رہے گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں سبسیڈائزڈ آٹے کی خریداری کیلئے2 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 78 لاکھ مستحق خاندانوں کو دیئے جائیں گے اور اس سلسلے میں30 مارچ تک38 لاکھ24 ہزار145 مستحقین کو موبائل فون پر میسیج بھیجے جاچکے ہیں۔ جن میں سے10 لاکھ سے زائد افراد اب تک2 ارب14 کروڑ25 لاکھ 64 ہزار روپے کیش کراچکے ہیں۔ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ لوگوں کو سڑک پر کھڑا کرنے کی بجائے باعزت طریقے سے مدد پہنچائی جائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ماہ رمضان میں ساڑھے15 ارب روپے کی سبسیڈی دے دی جائے گی۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ مستحق ہے تو قریبی بی آئی ایس پی مرکز سے رجوع کرے، انہیں24 گھنٹوں میں رجسٹرڈ کردیا جائے گا۔ اس مد میں اگر سندھ حکومت کو مزید 5 ارب روپے خرچ کرنے پڑے تو کرے گی۔ انہوں نے سیاسی صورتحال پر کہا کہ پچھلے مہینے لاہور میں پولیس پر تشدد کیا گیا۔ پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔ پولیس والوں کو زخمی کیا گیا لیکن جو لوگ اس الزام میں گرفتار کئے گئے ان کی ضمانت ہوگئی۔پولیس والے سکیورٹی پر مامور ہوتے ہیں لیکن پولیس والوں پر تشدد پر کوئی سوموٹو نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ اگر ہر شخص ڈھٹائی، دھونس، دھاندلی اور لاقانونیت پر اتر آئے اور خود ہی یہ فیصلہ کرلے کہ مجھے گرفتاری دینی ہے یا نہیں تو پھر اس طرح تو یہ معاشرہ انارکی اور ڈنڈے اور غنڈہ گردی کا معاشرہ بن جائے گا۔