بھارتی اداکارہ و رقاصہ پرنجل دھیا اسٹیج شو کے دوران بدسلوکی پر برہم ہوگئیں، بدتمیزی کرنے والے شخص کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خود پر قابو رکھو تمھاری بیٹی کی عمر کی ہوں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ ڈانسر و اداکارہ پرنجل دھیا کو اسٹیج شو کے دوران تماشائیوں کی جانب سے بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑا، جس کا انہوں نے اپنی پرفارمنس روک کر بھرپور جواب دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرنجل اپنی پرفارمنس درمیان میں روک کر اسٹیج کے قریب کھڑے چند افراد کو مخاطب کرتی ہیں جو مبینہ طور پر بدسلوکی کر رہے تھے۔
وہ سخت لہجے میں کہتی ہیں کہ تہذیب میں رہیں، یہاں کسی کی بہن یا بیٹی بھی کھڑی ہے، انکل، میری عمر بھی آپ کی بیٹی جتنی ہے، بلیک جیکٹ والے صاحب، خود پر قابو رکھیں۔
رقاصہ نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ سکون برقرار رکھیں اور تعاون کریں تاکہ شو خوشگوار انداز میں مکمل ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ براہِ کرم اسٹیج سے تھوڑا دور رہیں، ہماری پرفارمنس ابھی باقی ہے تھوڑا تعاون بھی کریں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ 27 دسمبر کو ان کے ایک اسٹیج شو کے دوران پیش آیا۔
بعد ازاں پرنجل دھیا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک معنی خیز پیغام بھی شیئر کیا، جس میں لکھا تھا کہ چاہے آپ کا کردار کتنا ہی پاک کیوں نہ ہو، لوگ وہی سوچتے ہیں جو ان کے اپنے گھروں میں ہوتا ہے۔