سپر ہائی وے لنک روڈ، ڈاکوؤں کی فائرنگ، بڑا بھائی جاں بحق، چھوٹا زخمی

May 29, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپر ہائی وے لنک روڈ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بڑا بھائی جاں بحق اورچھوٹا بھائی زخمی ہوگیا،واقعے کے خلاف لواحقین اور اہل محلہ نے سپر ہائی وے کو بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا،فائرنگ کے دیگر واقعات میں پولیس اہلکار اورخاتون سمیت3افراد بھی زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سپر ہائی وے(کے ڈی اے ) لنک روڈنزد معراج کانٹا کے پاس موٹرسائیکل سوار ملزمان نے موبائل فون چھینے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی اور موبائل فون چھین کر موقع سے فرار ہوگئے، پیٹ اور بازو پر دو گولیاں لگنے کے نتیجے میں 22 سالہ ندیم ولد امین سولنگی موقع پر ہلاک اور اس کا چھوٹا بھائی 12 سالہ دلاورولد امین سولنگی ٹانک پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا،اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچی اور مقتول کی لاش اور زخمی بچے کوعلاج کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا،مقتول اور زخمی بھائی قریب میں واقع ایک سوسائٹی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں،واقعہ کیے بعد ورثاء اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی،اس دوران جمع ہونے والے ہجوم میں شامل افراد مشتعل ہوگئے اور مین سپر ہائی وے نزد نیو سبزی منڈی یو ٹرن کے پاس رکاوٹیں لگاکر اور گاڑیوں پر پتھراؤ کرکے دنوں ٹریک ٹریفک کیلئے احتجاج بند کردیئے، احتجاج کے باعث موقع پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں،احتجاج کی اطلاع پر مزید پولیس نفری کوطلب کرلیا گیا۔