خرطوم کے یتیم خانے میں 50 بچوں کی موت

May 30, 2023

فوٹو بشکریہ رائٹرز نیوز ایجنسی

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان تصادم کے دوران یتیم خانے میں 50 بچوں کی موت نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 2 روز سے خرطوم کے یتیم خانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان ویڈیوز اور تصاویر سے متعلق یتیم خانے دار المائگوما کے میڈیکل ڈائریکٹر عبیر عبداللہ نے کہا ہے کہ خرطوم میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان تصادم کے بعد سے درجنوں بچے اور شیر خوار غذائی قلت کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کم از کم 20 شیر خوار بچے اپریل کے وسط میں تنازع شروع ہونے کے بعد 6 ہفتوں میں یتیم خانے میں جاں بحق ہوئے جبکہ 26 مئی کو کم از کم 13 بچے جاں بحق ہوئے۔

ڈاکٹر عبیر نے کہا کہ بستروں پر موجود بچوں کے موت کے منہ میں جانے کے مناظر انتہائی خوفناک تھے، بستروں پر پڑی ننھی لاشیں دیکھنا انتہائی تکلیف دہ تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ غذائیت، پانی اور جگہ کی کمی کی وجہ سے اموات ہوئیں۔