ایم کیو ایم کے بند دفاتر کھلنے کا امکان

June 03, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سیاسی معاملات طے ہونے کے بعد امکان ہے کہ اسے رواں ماہ سے بھر پور سیاسی سر گرمیوں کی اجازت مل جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے ایم کیو ایم کے اہم رہنماؤں ملک کی بعض اہم شخصیات کے ساتھ اپنے اوپر عائد سیاسی پابندیوں کے خاتمے کے لئے رابطے میں تھے جس میں اب خاصی حد تک بہتری کے آثار نمایاں ہونے شروع ہوگئے ہیں جس کے بعد پہلے مرحلے میں ایم کیو ایم کے بند دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی تاہم ان دفاتر کو ایک مخصوص وقت تک کھولا جاسکے گااور اسے عوامی مسائل کے حل کے لئے استعمال کیا جاسکے گا، رات گئے تک دفاتر کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کراچی ، حیدر آباد اور سندھ کے دیگر شہری علاقوں میں اس وقت ایم کیو ایم پاکستان کے570 چھوٹے بڑے دفاتر اگست2016 سے سیل ہیں۔

پہلےمرحلے میں ہر ٹاؤن میں مرکزی دفاتر کھولنے کی اجازت دی جائے گی جس میں گلشن اقبال ، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد گلبہار،لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی شامل ہیں۔