پی ٹی آئی لیڈر شپ نے ایجنڈے کے تحت آئی ایم ایف کیساتھ بیک آؤٹ کیا، فیاض چوہان

June 06, 2023

فیاض الحسن چوہان۔۔۔۔فائل فوٹو

سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لیڈر شپ نے ایجنڈے کے تحت آئی ایم ایف کیساتھ بیک آؤٹ کیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فروری کے مہینے میں پیٹرول سستا کیا گیا جو آئی ایم ایف کے معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو جان بوجھ کے سبوتاژ کیا گیا، یہ اقدام عوام کے ذہنوں کے اندر موجودہ حکومت کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لیے کیے گئے، طے یہ ہوا تھا کہ ایجنڈے کے تحت آئی ایم ایف موجودہ حکومت کے ساتھ تعاون نہ کرے۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ مجھے طلال چوہدری یا شہباز گل بننے کا کوئی شوق نہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کی معاشرت کو تباہ کیا گیا، پاکستان کے دشمنوں نے ففتھ جنریشن وار کا ٹول استعمال کر کے جنگ چھیڑی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما نے کہا کہ جس ملک کی فوج مضبوط ہے اس کو کوئی ہرا نہیں سکتا، پاک فوج اور عوام کے مابین نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں نے پاک فوج کے خلاف محاذ کھولنے کے لیے سوشل میڈیا وار شروع کی، ہمیں بتایا گیا حقیقی آزادی کی جنگ امریکا کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پھر امریکی سازش پیچھے رہ گئی اور افواج پاکستان سے آزادی حاصل کرنے کا نعرہ لگایا گیا، سوشل میڈیا پر امریکا اور برطانیہ سے پاک فوج کے خلاف مہم چلائی گئی۔