امریکی تاریخ میں پہلی بار خاتون ایڈمرل بحریہ کی سربراہی کیلئے نامزد

July 22, 2023

امریکا کے صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ وہ خاتون ایڈمرل لیزا فرینچیٹی کو امریکی بحریہ کی سربراہی کیلئے نامزد کریں گے۔

اس نامزدگی کے بعد ایڈمرل لیزا فرینچیٹی امریکا کی تاریخ میں پہلی خاتون ہوں گی جو بحریہ کی کمان کریں گی اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میں خدمات سرانجام دیں گی۔

لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ سینیٹ بھی ان کی نامزدگی کی توثیق کرے گی یا نہیں کیونکہ ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک قانون ساز نے 200 سینئر عسکری نامزدگیاں روک رکھی ہیں۔

صدر بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ فرینچیٹی ہماری قوم کیلئے بطور کمیشنڈ افسر 38 سال سے خدمات سرانجام دے رہی ہیں، اس وقت وہ وائس چیف آف نیول آپریشنز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرینچیٹی دوسری خاتون ہوں گی جنہیں امریکی بحریہ میں فور اسٹار ایڈمرل کا رینک ملے گا اور اگر اس کی توثیق ہوگئی تو وہ پہلی خاتون ہوں گی جو چیف آف نیول آپریشنز بنیں گی اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میں کام کریں گی۔

فرینچیٹی یورپ اور افریقا میں امریکی بحریہ کی ڈپٹی کمانڈر رہ چکی ہیں، وہ ستمبر 2022 میں وائس چیف آف نیول آپریشنز بنی تھیں۔

بحریہ کے موجودہ سربراہ ایڈمرل مائیک گلڈے کی چار سالہ مدت اگلے مہینے مکمل ہوجائے گی۔