حادثات غفلت برتنے پر ہی ہوتے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں پیش آیا جب ویڈیو کال پر مصروف ریلوے عملے کے رکن نے ٹرین پلیٹ فارم پر چڑھادی۔
بھارتی شہر متھورا میں لوکل ٹرین اسٹیشن پر رکی، جو تھوڑی دیر بعد خلاف توقع خود ہی چل پڑی اور پلیٹ فارم پر چڑھ دوڑی۔
ریاست اترپردیش کی حکومت نے واقعے کی انکوائری کا فیصلہ کیا تو پورا معاملہ انجن کے ڈرائیونگ کمپارٹمنٹ میں لگے کیمرے نے سلجھا دیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین جب آکر اسٹیشن پر رکی تو تمام مسافروں کے اترنے کے بعد اس کا ڈرائیور تمام حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے نیچے اتر گیا لیکن اسکے بعد وہاں ریلوے عملے کا ایک اور شخص آکر بیٹھ گیا۔
اس شخص کا یہاں آنے کا مقصد ظاہری طور پر ویڈیو کال پر بات کرنا تھا جس پر وہ مصروف بھی تھا، تاہم لاپرواہی برتتے ہوئے اس شخص نے اپنا بیگ ٹرین کے تھروٹل پر رکھ دیا، ایسا کرنے کرنے سے تھروٹل فارورڈ پوزیشن پر چلا گیا اور ٹرین چل پڑی۔
کمپارٹمنٹ میں بیٹھا یہ شخص ویڈیو کال پر اس قدر مشغول تھا کہ اسے ٹرین کے چلنے کا احساس تک نہ ہوا، تاہم جب ٹرین پلیٹ فارم پر چڑھی اور خود اپنے حواس میں آیا تو اس نے تھروٹل کو واپس پیچھے کی جانب کیا، لیکن تب تک دیر ہوچکی تھی۔
واقعے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی جبکہ جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈویژنل ریلوے منیجر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد 5 افراد کو معطل کردیا گیا تھا۔