ٹک ٹاک کی دوسری سہ ماہی کیلئے کمیونٹی گائیڈلائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری

October 26, 2023

—فائل فوٹو

مختصر دورانیے کے ویڈیوز شیئرنگ پلاٹ فارم ٹک ٹاک نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون 2023ء) کے لیے اپنی تازہ ترین کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ میں غلط معلومات سے نمٹنے اور محفوظ اور جامع مقام بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں ٹک ٹاک کے احتساب کے ذریعے اعتماد حاصل کرنے اور اپنی کمیونٹی کے لیے محفوظ اور دوستانہ ماحول برقرار رکھنے کے عزم پر بھی زور دیا گیا ہے۔

2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں مجموعی طور پر 10 کروڑ، 64 لاکھ 76 ہزار سے زائد ویڈیوز کو حذف کیا گیا، جو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئیں تمام ویڈیوز کا تقریباً 0.7 فیصد ہیں۔

ان ویڈیوز میں سے 6 کروڑ 64 لاکھ 40 ہزار سے زائد ویڈیوز خود کار نظام کے ذریعے حذف کیں گئیں جبکہ 67 لاکھ 50 ہزار سے زائد ویڈیوز کو ریویو کے بعد حذف کیا گیا۔

پاکستان میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران، کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر 1 کروڑ 41 لاکھ 41 ہزار سے زائد ویڈیوز حذف کی گئیں۔

کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے علاوہ ٹک ٹاک نے فعال طور پر اسپیم (spam) اکاؤنٹس اور متعلقہ کانٹینٹ کو بھی ہدف بنایا اور خودکار طریقے سے اسپیم اکاؤنٹس (spam accounts) کی تخلیق روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔

2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران پاکستان میں خلاف ورزی کرنے والی 83.6 فیصد ویڈیوز کو کسی کے دیکھنے سے پہلے ہی حذف کر دیا گیا اور ایک دن کے عرصے میں تقریباً 92.5 فیصد ایسی ویڈیوز کو مکمل طور پر حذف کر دیا گیا۔

2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران فعال طریقے سے ویڈیوز کو حذف کرنے کی شرح 98.6 فیصد رہی۔

عالمی سطح پر ٹک ٹاک نے نوجوان صارفین کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے 13 سال سے کم عمر افراد کے 1 کروڑ 88 لاکھ 23 ہزار سے زائد اکاؤنٹس کو حذف کیا۔

ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کو تمام صارفین کے لیے ایک محفوظ، جامع اور مستند تجربے کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

ان پالیسیوں کا اطلاق ہر ایک اور ہر قسم کے کانٹینٹ پر ہوتا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ٹک ٹاک اْن کے نفاذ میں مستقل مزاجی دکھا رہا ہے اور مساوات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹک ٹاک جدید ٹیکنالوجی اور انسانی جائزے کا مجموعہ استعمال کرتا ہے تاکہ اس کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کانٹینٹ کی نشاندہی، تشخیص اور اس کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ کا سہ ماہی اجراء مکمل شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے حذف کیے گئے کانٹینٹ اور اکاؤنٹس کے حجم اور نوعیت کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔