واٹس ایپ اسٹیٹس اب فیس بک اور انسٹاگرام پر شیئر کرنا ممکن ہوجائیگا

December 03, 2023

فائل فوٹو

معروف میسیجنگ ایپ واٹس ایپ جلد ہی ایک ایسا فیچر متعارف کروانے جا رہی ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس بیک وقت فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کر سکیں گے۔

اس حوالے سے ویب سائٹ وابیٹا انفو پر بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ اپنے صارفین کو اپنے اسٹیٹس دوسرے پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کی اجازت دینے کے لیے’آپشنل شیئرنگ‘ کا طریقۂ کار متعارف کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس نئے فیچر کے متعارف ہونے کے بعد واٹس ایپ صارفین ایک ہی اسٹیٹس کو 3 مختلف پلیٹ فارمز یعنی واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام پر ایک ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

فوٹو بشکریہ وابیٹا انفو

یہ فیچر ’آپشنل‘ ہوگا یعنی صارفین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنی مرضی سے انتخاب کریں کہ وہ اپنا واٹس ایپ اسٹیٹس فیس بک یا انسٹاگرام پر شیئر کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

اس کے علاوہ صارفین کی جانب سے شیئر کیا گیا واٹس ایپ اسٹیٹس کون لوگ دیکھ سکیں گے، اس بات کا کنٹرول پہلے کی طرح صارفین کے اختیار میں ہی رہے گا۔