اب ای میل کو واٹس ایپ اکاؤنٹ سے لنک کرنا ہوا ممکن

November 22, 2023

—فائل فوٹو

معروف میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے اب ای میل کو آسانی سے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے لنک کیا جا سکے گا۔

وابیٹا انفو ویب سائٹ نے اس نئی اپ ڈیٹ کو ’کمپیٹیبل‘ قرار دیا ہے، کچھ صارفین تو نئی اپ ڈیٹ انسٹال کیے بغیر پچھلی اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کے بعد ہی اس نئے فیچر کا تجربہ کر چکے ہیں۔

اس نئے فیچر سے واٹس ایپ صارفین میسج کے ذریعے موصول ہونے والے 6 ہندسوں کے تصدیقی کوڈ کے بغیر اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس میں لاگ ان کر سکیں گے۔

فائل بشکریہ وابیٹا انفو

لہٰذا، یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے کارآمد ہو گا جنہیں نیٹ ورک، سم یا دیگر مسائل کی وجہ سے تصدیقی کوڈ حاصل کرنے میں عارضی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو موبائل فون پر واٹس ایپ اکاؤنٹس میں لاگ ان کرنے کے لیے درکار ہوتا ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کمپنی نے واٹس ایپ پر بذریعہ تصدیقی کوڈ لاگ ان کرنے کے ’روایتی‘ طریقے کار کو ختم نہیں کیا ہے بلکہ صارفین کو اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنے کا ایک متبادل طریقہ کار فراہم کیا ہے۔

واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس فیچر کو حاصل کرنے کے لیے اپنے پاس واٹس ایپ کو جلدی اپ ڈیٹ کر لیں۔