مختلف شہروں میں طوفانی بارش،حادثات میں 3افراد جاں بحق

June 28, 2016

ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون بارشوں نے بھرپوررنگ جمانا شروع کردیاہے۔ بارشوں کاسلسلہ بلوچستان سے بالائی سندھ اور پنجاب تک پہنچ گیا ۔ کوئٹہ میں طوفانی بارش ، حادثات میں 3افراد جاں بحق ہو گئے ۔

پہاڑی نالوں میں طغیانی سے بلوچستان کے پنجاب کے ساتھ کئی جگہ زمینی رابطے منقطع ہو گئے۔ پنجاب،خیبرپختونخوا، بلوچستان جبکہ سندھ کے کچھ شہروں میں مون سون کی پہلی بارش جم کر بر س رہی ہے۔

رات گئے ،خیرپور،لاڑکانہ، گھوٹکی،اوباڑو، ڈہرکی ، میرپور ماتھیلو میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زرو ٹوٹ گیا ۔ سکھر میں بارش کا پہلا قطرہ پڑتے ہی 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے اور کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔۔

کوئٹہ اورملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ایک گھنٹے تک ہونےوالی طوفانی بارش سےموسم تو خوشگوارہوگیا مگر سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ مختلف حا دثات میں 3افرادجاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

قلعہ عبداللہ،، شیلا باغ اور گلستان،میں تیز ہوائیں چلنےسےبجلی کانظام درہم برہم ہوگیا، شدید بارش کی وجہ سےپہاڑی نالوں میں طغیانی سے بلوچستان کے پنجاب سے کئی زمینی رابطے معطل ہو گئے۔

فیصل آباد،بہاولپور،بھکر، ساہیوال، گجرات سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا۔

راجن پورمیں کوہ سلیمان کےپہاڑی سلسلے میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس سےندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے ،نالہ کاہا سلطان اور نالا چھاچھڑ سےسیلابی ریلا گزر رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں سوات ،لوئر دیر ،صوابی ، مردان اور کوہاٹ ، ایبٹ آباد میں بھی مو ن سون کی پہلی برسات ہوئی۔ مری میں بارش نے وادی کا حسن مزید نکھاردیا۔