تضحیک آمیز گفتگو معاملے میں نیا موڑ، منصور کا تریشا کیخلاف کیس کرنے کا فیصلہ

November 28, 2023

جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے اداکاروں کے درمیان تضحیک آمیز گفتگو تنازع میں نیا موڑ آگیا۔اداکار منصور علی خان نے اداکارہ تریشا کرشنن کے خلاف ہتک عزت کا کیس کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایک انٹرویو کے دوران جب منصور علی خان سے اس معاملے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ تریشا کرشنن کے خلاف ہتک عزت کا کیس کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام دستاویزات تیار کرلی ہیں۔ اسکی تفصیل ہمارے وکیل بعد میں شیئر کردیں گے۔

جب منصور علی خان سے تریشا سے معافی مانگنے سے متعلق سوال کی گیا تو انہوں نے اسے سب سے بڑا مذاق قرار دیا۔

واضح رہے کہ فلم لیو میں اپنی ساتھی اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق اداکار منصور علی خان نے ایک انٹرویو کے دوران تضحیک آمیز گفتگو کی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

اس کے ردِعمل میں اداکارہ تریشا کرشنن نے کہا تھا کہ میں منصور کے تبصرے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ ان کے الفاظ سے عورت کی تضحیک، بےعزتی، بدسلوکی اور نفرت انگیزی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔

تنازع بڑھ جانے کے بعد منصور علی خان نے کہا تھا کہ ان کے تبصرے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں خواتین کی عزت کرتا ہوں۔ کسی نے تریشا کو غصہ دلانے کےلیے غلط انداز میں اس تبصرے کو تریشا کے سامنے پیش کیا ہے۔

بعدازاں نیشنل کمیشن برائے خواتین کی ہدایت پر چنئی کی پولیس نے منصور علی خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔

منصور علی خان کی جانب سے اداکارہ تریشا سے متعلق الفاظ پر عوامی سطح پر معافی بھی مانگی گئی ہے۔

اس معافی پر اداکارہ تریشا نے بیان جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر اپنے آخری الفاظ کہے جن میں انہوں نے شاعر الیگزینڈر پوپ کا شعر لکھا جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ انسانوں کی طرف غلطیاں کرنا فطری ہے اور انہیں معاف کرنا ضروری ہے۔