سیاسی اور معاشی منظر نامے میں تبدیلیاں، کاروباری اعتماد میں اضافہ

November 29, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)مستحکم میکرو اکنامک اشاریوں، سیاسی اور معاشی منظر نامے میں سازگارتبدیلیا ں،کاروباری اعتماد میں اضافہ، مینوفیکچرنگ سیکٹر کا اعتماد سب سے زیادہ بڑھا، تفصیلات کے مطابق اوورسیز انویسٹرزچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(OICCI) نےبزنس کانفیڈنس سروے کے نتائج جاری کر دیئے ہیں ،او آئی سی سی آئی کے بزنس کانفیڈنس سروے میں پاکستان میں کاروباری اعتماد میں ایک امید افزا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اکتوبر سے نومبر 2023 کے دوران ملک بھر میں کئے اپنے جامع بزنس کانفیڈنس انڈیکس (BCI)سروے ویو(Wave 24)24کے نتائج کے مطابق گزشتہ سروے ویو23 کے مقابلے میں مجموعی طورپر 7فیصد بہتری کی نشاندہی کی گئی۔ ملک میں کاروباری اعتماد منفی 18فیصد ہے جوکہ گزشتہ سروے کے منفی 25فیصد کے مقابلے میں مثبت تبدیلی کی نشاندہی ہے۔ کاروباری اعتمادمیں مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سب سے زیادہ اضافہ 9فیصدریکارڈ کیا گیا جوکہ گزشتہ سروے کے منفی 19فیصد کے مقابلے میں منفی 10فیصد رہا،اس کے بعد خدمات کے شعبے میں 8فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جوکہ گزشتہ سروے کے منفی 26فیصد کے مقابلے میں منفی 18فیصد رہا، جبکہ ریٹیل اور ہول سیل ٹریڈ میں کاروباری اعتماد گزشتہ سروے کے منفی 35فیصد کے مقابلے میں منفی 31فیصد رہا۔