افغان حکومت حافظ گل بہادر کو ہمارے حوالے کرے‘ پاکستان

November 29, 2023

اسلام آباد (این این آئی) دفتر خارجہ نے افغان سفارتخانے کے نمائندے کو طلب کرکے بنوں میں 26نومبر کو سکیورٹی فورسز پر افغان شہری کے حملے پر سخت احتجاج اورحافظ گل بہادر کو گرفتار کر کے پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔ ذرائع کے مطابق حافظ گل بہادر گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ افغان نمائندے سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ واقعے میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے افغان نمائندے سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے مراکز اور دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ذرائع نے بتایا کہ افغان نمائندے سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔