پاکستانی کرکٹرز سے رشوت لینے والے سندھ پولیس کے 4 اہلکار گرفتار

November 29, 2023

کراچی / نوابشاہ (اسٹاف رپورٹر/ بیورو رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں صہیب مقصود اور عامر یامین سے قومی شاہراہ پر رشوت لینے کے الزام میں چار پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا ،ترجمان سندھ پولیس کے مطابق چاروں اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے ، آئی جی کو رپورٹ ارسال کی جارہی ہے ، ایس ایچ او سکرنڈ اور ہیڈ محرر کو معطل کردیا گیا ہے ، ایس ایس پی حیدر رضا نے جنگ کو بتایا کہ گزشتہ شب کرکٹر صہیب مقصود اور عامر یامین کراچی سے ملتان جا رہے تھے کہ سکرنڈ کے قریب قومی شاہراہ کیریا بس اسٹاپ پر چار پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا اور مبینہ طور پر 12ہزار روپے طلب کیے اور رقم کی عدم ادائیگی پر بدتمیزی کی بعد ازاں 8 ہزار روپیہ وصول کر کے جانے دیا ، ایس ایس پی نے بتایا کہ صہیب مقصود کے ٹویٹ کے بعد ائی جی رفعت مختار کی ہدایت پر واقعے کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ معمول کی چیکنگ پر موجود پولیس اہلکاروں نے کرکٹر صہیب مقصود اور عامر یامین کو روکا اور ان سے زبردستی رقم وصول کی۔