ن لیگ پنجاب کی سیاست میں ہمیشہ ناقابل شکست رہی، محسن رانجھا

December 05, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن نہ ہونے کے حوالے سے خدشات نہیں ہیں، ن لیگ انتخابی مہم نہیں چلارہی لگتا ہے یہ الیکشن ملتوی کروائیں گے، شہباز شریف جب لاہور میں اپنے حلقے میں گئے تو ان کی گاڑی پر پتھراؤ ہوا،عمران خان کو بھی کریڈٹ دیتا ہوں وہ جیل میں ہیں باہر نہیں گئے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ترجمان تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتھہ اور ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھابھی شریک تھے۔نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے انہیں چاہتی ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی جارہی ہے مگر ہمارے لیے تو فیلڈ ہی نہیں ہے، الیکشن کی جو تاریخ مقرر ہوئی ہے اس پر انتخابات ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن 2022ء میں بھی ٹھیک تھے اب بھی آئین کے مطابق کروائے ہیں۔محسن شاہنواز رانجھانے کہا کہ ن لیگ پنجاب کی سیاست میں ہمیشہ ناقابل شکست رہی ہے،نواز شریف کا تاریخی استقبال ہوا پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا جلسہ کبھی نہیں ہوا، ن لیگ کا ووٹ بینک نواز شریف کے ساتھ منسلک ہے، ہم چاہتے ہیں کہ فوری طور پرا لیکشن کروائے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن نہ ہونے کے حوالے سے خدشات نہیں ہیں، پہلی مرتبہ چیف جسٹس پاکستان، صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر تینوں نے آٹھ فروری کو الیکشن کروانے کی تاریخ دی ہے، ن لیگ کے انتخابی مہم نہ چلانے سے لگ رہا ہے یہ الیکشن ملتوی کروائیں گے، الیکشن کمیشن کو ابھی تک نگراں حکومت سے فنڈز نہیں ملے ہیں، تین چار جماعتوں نے نئی حلقہ بندیوں کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے، کیا ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں ان اپیلوں کا فیصلہ چار دن میں ممکن ہے۔ قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جب لاہور میں اپنے حلقے میں گئے تو ان کی گاڑی پر پتھراؤ ہوا،سندھ کا نگراں وزیراعلیٰ اردو اسپیکنگ ہے جس کا نام ایم کیو ایم کی مشاورت سے فائنل ہوا، پنجاب میں پیپلز پارٹی سے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن نے پانی، سیوریج اور سیلاب زدگان کیلئے اسکیموں پر پابندی لگائی۔ قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ الیکشن آٹھ فروری کو نہیں ہوئے تو چیف جسٹس کیلئے کیا سوال چھوڑا جارہا ہے، ذوالفقار علی بھٹوا ور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی گئیں آصف زرداری نے بارہ سال جیل کاٹی مگر ہم ملک سے نہیں بھاگے، عمران خان کو بھی کریڈٹ دیتا ہوں وہ جیل میں ہیں باہر نہیں گئے، چیف جسٹس الیکشن کروانے کے فیصلے میں شفاف الیکشن کے الفاظ بھی شامل کریں۔ترجمان تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے انہیں چاہتی ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی جارہی ہے مگر ہمارے لیے تو فیلڈ ہی نہیں ہے، لندن معاہدہ یہی تھا کہ بادشاہ سلامت کو پروٹوکول کے ساتھ لایا جائے گا۔