بابری مسجد کی شہادت کو 31 سال مکمل، سیکیورٹی میں اضافہ

December 06, 2023

—فائل فوٹو

بھارت میں تاریخی بابری مسجد کی شہادت کو 31 سال مکمل ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بابری مسجد کی شہادت کی 31 ویں برسی کے موقع پر ایودھیا میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایودھیا میں سیکیورٹی میں اضافہ کر کے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

بابری مسجد کی جگہ زیرِ تعمیر رام مندر کے گرد بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

واضح رہے کہ 6 دسمبر 1992ء کو اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں انتہا پسند ہندوؤں نے بابری مسجد کو شہید کیا تھا، حملہ کرنے والوں کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی، راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ، وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل سے تھا۔

بابری مسجد کی شہادت کے دوران مسلمانوں کے شدید احتجاج اور مزاحمت کے بعد شروع ہونے والے فسادات کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد مسلمان شہید جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

تاہم بی جے پی رہنماؤں سمیت 68 ذمے داران کو بھارتی عدالت نے بری کر دیا تھا۔

1992ء سے اب تک صرف بھارتی ریاست گجرات میں 500 مساجد اور مزارات گرائے جا چکے ہیں۔