سیم آلٹمین ٹائم میگزین کے بہترین سی ای او قرار

December 07, 2023

سیم آلٹمین— فائل فوٹو

ٹائم میگزین نے سیم آلٹمین کو رواں سال ٹیکنالوجی کی دنیا میں مختلف چیلنجز کے باوجود نمایاں کامیابیاں سمیٹنے پر 2023ء کے لیے سی ای او آف دی ایئر قرار دے دیا۔

عام طور پر سینٹ لوئس میں تھینکس گیونگ لوگ اپنےخاندان کے ساتھ گزارتے ہیں لیکن سیم آلٹمین نے اس تہوار کو اوپن اے آئی کے کنٹرول کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے گزارا۔

سیم آلٹمین نےاپنی زندگی کےاس ہنگامہ خیز سال کے بارے میں کہا کہ چیٹ بوٹ ایک سال میںعالمی سطح پر سب سے زیادہ اپنایا جانے والا ٹیک پروڈکٹ بن گیا، یہ زندگی کا سب سے بہترین سال تھا تو میں ابھی تک اسےجی رہا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی کی ریلیز کے بعد یہ سال ناصرف اوپن اے آئی کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایسا سال بن گیا جب بہت سے لوگوں نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا۔

واضح رہے کہ سیم آلٹمین ٹیکنالوجی کی دنیا میں مسلسل جدوجہد کے بعد کئی کامیابیاں سمیٹ کر رواں سال ایک انتہائی بااثر ایگزیکٹیو کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

کچھ وقت کے لیے ان کی کامیابی کے اس سفر کو تھوڑا سا خطرہ اس وقت لاحق ہوا جب اُنہیں عارضی طور پر اوپن اے آئی کمپنی کی جانب سے بر طرف کر دیا گیا تھا لیکن بعد ازاں کمپنی نے سی ای او کے طور پر دوبارہ ان کی خدمات حاصل کر لیں۔