ایک اور آتشزدگی

December 08, 2023

صوبائی دارالحکومت کراچی کی بلند عمارتوں میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات جہاں متعلقہ حکام کیلئے لمحۂ فکریہ ہیں، وہیں اگر اس معاملے کو اب بھی سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو صورتِ حال مزید بگڑ سکتی ہے جس سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہو گا۔ معروف علاقے عائشہ منزل کے قریب شاپنگ سینٹر میں بدھ کے روز آگ لگنے کا واقعہ شہر میں دو ہفتوں کے دوران دوسری مرتبہ پیش آیا ہے جس میں چار افراد جاں بحق اور دو بری طرح جھلس گئے جبکہ کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ گرائونڈ فلور پر لگنے کے بعد بالائی منزلوں میں واقع رہائشی فلیٹوں تک پہنچ گئی اور فائر بریگیڈ کا عملہ کئی گھنٹے بعد اس پر قابو پاسکا۔واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے تاہم توقع کی جاتی ہے کہ اس کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے قانون کے تقاضے بلاتاخیرپورے کیے جائیں گے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال کا حتی الوسع اعادہ نہ ہوسکے۔ آمدہ رپورٹ کے مطابق آگ، فوم کے گدوں کی دکان میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ جان بچانے کیلئے دیوانہ وار عمارت سے نکلے۔ متاثرہ عمارت میں 250سے زائد دکانیں اور 450فلیٹ بتائے گئے ہیں ۔ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کسی بھی وقت زمیں بوس ہوسکتی ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ گیس سلنڈر لیک ہونے سے لگی ،اس سلسلے میں ضروری ہوگا کہ تکنیکی بنیادوں پر وہ تمام پہلو سامنے لائے جائیں جو متذکرہ اور اس سے پہلے ہونے والے آتشزدگی کے واقعات کا باعث بنے۔یہ بھی ضروری ہوگا کہ مالکان کو انتباہ کرتے ہوئے از خود موقع فراہم کرنے کے بعد شہر میں واقع تمام عمارتوں کی جانچ پڑتال کی جائے،بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اصلاح احوال کویقینی بنایا جائے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998