تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات

February 13, 2014

تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ان سے رابطے کیلئے s.abidijanggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔
س۔سر میں نے بی ایس سوفٹ ویئر انجینئرنگ 2014ء میں کیا ہے اور اب میں ملازمت کر رہی ہوں تاکہ میں اپنا ماسٹرز مکمل کرنے کے لئے پیسے کما سکوں میری پہلی ترجیح ملازمت ہے لیکن میں اپنا ماسٹرز مکمل کرنا چاہتی ہوں۔مجھے آپ سے مشورہ چاہئے کہ میں اپنا کیریئر کس فیلڈ میں بنائوں اور کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں؟ (زینب ایوب،اسلام آباد)
ج۔ سوفٹ ویئر انجینئرنگ کا یقیناً بہت اسکوپ ہے اور اس فیلڈ میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی زیادہ ہیں، میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ سوفٹ ویئر ڈیولپمنٹ میں ویب سیکورٹی یا ویب کرائم میں جائیں اس پروگرام میں فل ٹائم ڈگری بیچلر اور ماسٹرز سطح پر موجود ہیں اور اس سے یقیناً آپ کو مالی اداروں اور بینکنگ انسٹیٹیوشن میں آگے بڑھنے کے بہت سے مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔سرمیں نے 2012ء میں ایک گائوں کے ڈگری کالج سے گریجویشن کیا ہے اور اب میں اکنامکس میں ماسٹرز کر رہا ہوں برائے کرم مجھے ماسٹرز کے بعد ملازمت کے امکانات اور مواقع کے بارے میں بتائیں اور مجھے مشورہ دیں کے میں کس فیلڈ میں اپنا کیریئر بنائوں؟ (سلمان علی،سرگودھا)
ج۔اکنامکس ایک بہت مضبوط مضمون ہے اور میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنا ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد بڑے شہر کی طرف آئیں اور ڈپلومہ بینکنگ اینڈ فنانس میں کریں ،اس سے آپ کو کیریئر بنانے کے مواقع اور ذرائع حاصل ہوں گے۔
س۔میں نے بی بی اے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز یو ایس اے سے 2013ء میں کیا ہے اور مختلف آرگنائزیشن میں کم دورانیے کے لئے کام کرنے کے بعدبینکنگ انڈسٹری میں کام کرنا شروع کیا اور تقریباً چھ سال کسٹمر سروسز ڈیپارٹمنٹ اور لائیبیلٹی ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے کے بعد اب مجھے لگتا ہے کہ میری قابلیت اور ہنرمیرے کام اور ماحول سے مطابقت نہیں رکھتے ،آپ مجھے رہنمائی دیں کہ میں کس فیلڈ یا انڈسٹری میں جائوں ۔کیا مجھے ٹیلی کام،آئی ٹی یا ایف ایم سی جی میں اپلائی کرنا چاہئے یا مجھے ایم بی اے کرنا چاہئے؟(بلال امین،پشاور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنی فیلڈ یعنی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمزمیں ہی آگے کام کریں تمام بڑے بینکوں اور مالی اداروں میں اس فیلڈ کے لئے ملازمت کے مواقع موجود ہوتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ مناسب ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے اور ایسے ادارے بھی قابل اور ہونہار لوگوں کی تلاش میں ہوتے ہیں جنہوں نے انٹرنیٹ سیکورٹی میں اسپیشلائز کیا ہوتا ہے یا جن کے پاس ویب کرائمز کا علم ہو۔اگر آپ کواس ایریا میں ملازمت مل جاتی ہے تویہ آپ کو بخوبی آگے بڑھنے میں مدد کرے گا۔
س۔میں او-لیول کا طالبعلم ہوں اور مستقبل میں جینیٹک انجینئرنگ میں بی ایس کرنا چاہتا ہوں برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں اے-لیول کروں یا انٹرمیڈیٹ اور یہ بھی مشورہ دیں کہ میں بی ایس پاکستان سے یا بیرون ممالک کی کسی یونیورسٹی سے کروں؟(ساجدشیخ ،اسلام آباد)
ج۔جینیٹک انجینئرنگ ایک بہت مضبوط سبجیکٹ ایریا ہے اور آنے والے چند سالوں میں اس کی بہت مانگ ہو گی ۔میں آپ کو یہ مشورہ دوں گاکہ آپ فزکس میتھ اور بائیولوجی کے ساتھ اے-لیول کریں اور پھر بی ایس جینیٹکس یا سیلولر بائیولوجی میں کریں جس کے بعدایم ایس بائیومیڈیکل یا جینیٹکس میں کر سکتے ہیں۔
س۔سر میں نے ہسٹری میں ماسٹرز قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے مکمل کیا ہے۔برائے کرم مجھے مشورہ دیں کہ میں اپنا کیریئر جرنلزم میں بنائوں یا لیکچرار بنوں یا کوئی اور بہتر فیلڈ کے بارے میں رہنمائی فرمائیں اور یہ بھی بتائیں کہ مجھے آگے پڑھائی کس فیلڈ میں کرنی چاہئے؟(عمر نسیم،اسلام آباد)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ سی ایس ایس کریں اگر آپ کی عمر زیادہ ہے تو آپ جرنلزم کا انتخاب کریں جس کا ہسٹری کے ساتھ ایک اچھا کمبینیشن ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کو میڈیا انڈسٹری میں ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔