پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے، بیرسٹر گوہر

January 13, 2024


بیرسٹر گوہر : فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے، ہم اپنے امیدواروں کی نئی لسٹ بنائیں گے اور مہم چلائیں گے۔

بلے کے انتخابی نشان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل کریں گے، عدلیہ کا کام ہے کہ سب لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرے، آج عدالت نے فیصلہ کرلیا ہمیں قبول ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج کے فیصلے سے سپریم کورٹ کے متنازع فیصلوں میں اضافہ ہوا ہے، پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے اختیار پر ایسا فیصلہ دینا درست نہیں، اس فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی یہ پشاور ہائیکورٹ میں فیصلہ آیا، ہم نے لاہور ہائیکورٹ میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ میں کیس گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک ایک صفحے کی 14 درخواستیں کروڑوں عوام کے حق پر حاوی ہوئی ہیں، 12 کروڑ ووٹرز میں سے 10 کروڑ ووٹر پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، ٹیکنیکل بنیادوں پر کیس کا فیصلہ ہوا ہے، اس فیصلے میں 14 بندوں کا ذکر ہوا ہے کہ یہ پارٹی کے ممبرز ہیں، یہ بات غلط ہے یہ 14 افراد تحریک انصاف کے ممبر نہیں، بلا رہے نہ رہے عوام بانی پی ٹی آئی کی آواز پر ووٹ دیں گے۔

اس موقع پر موجود بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ تھا کہ فیصلہ کیا ہوگا، ہماری تیاری پوری ہے، 8 فروری کو الیکشن ہے، پی ٹی آئی بھرپور طریقے سے لڑے گی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ انتخابی نشان لیا گیا ہے پارٹی رجسٹرڈ ہے، ہماری جماعت کے امیدواروں کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا گیا۔

علی ظفر نے کہا کہ ہم اپنے امیدواروں کو انتخابی نشانات کے ساتھ سامنے لائیں گے۔