شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی کا جشن طیارے میں کیک کاٹ کر منایا گیا، ویڈیو وائرل

February 27, 2024

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے ٹاپ اسکورر آل راونڈر شعیب ملک اور اداکارہ ثناء جاوید کی شادی کا جشن طیارے میں کیک کاٹ کر منایا گیا۔

گزشتہ ماہ کے آغاز میں قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب ملک اور اداکارہ ثناء جاوید نے اپنی شادی کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا تھا۔

تاہم اب 17 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں ایڈیشن میں شعیب ملک کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان کی نئی اہلیہ و اداکارہ ثناء جاوید اس ٹورنمنٹ کے دوران ان کے ہمراہ ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے موجود ہیں۔

حال ہی میں کراچی کنگز کی ٹیم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک اور ثناء جاوید بھی جہاز میں موجود ہیں اور انہیں سرکاری ایئر لائن کی جانب سے 2 کیک پیش کیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اس جوڑی کی شادی کا جشن منانے کے لیے سرکاری ایئر لائن کے عملے نے انہیں کیک پیش کیا، جسے شعیب ملک نے کاٹا۔

اس موقع پر شعیب ملک کے ساتھ بیٹھی ان کی اہلیہ و اداکارہ ثناء جاوید کے چہرے پر خوشی دیدنی تھی۔ اس نئے نویلے جوڑے نے کراچی کنگز اسکواڈ کے ساتھ کیک کاٹ کر اپنی شادی کا جشن منایا۔

ان کی کیک کاٹنے کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔ اس موقع پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، کپتان شان مسعود اور دیگر نے بھی شعیب ملک اور ان کی اہلیہ کے لیے خوشی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اس موقع پر سرکاری ایئر لائن کے عملے نے دوسرا کیک کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود سے کٹوایا اور ان کی ٹیم کو طیارے پر خوش آمدید کہا۔

خیال رہے کہ دونوں کیک پر ’ویلکم آن بورڈ پی آئی اے‘ لکھا ہوا تھا۔