امریکا کا پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ردعمل

February 28, 2024

فائل فوٹو

امریکا نے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے ساتھ ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت جاری ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کےترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ نجی سفارتی گفتگو پر تبصرہ نہیں کر سکتے، توانائی بحران سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرنا امریکا کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کی توانائی صلاحیت میں 4,000 میگاواٹ اضافے میں مدد کی، امریکی منصوبوں نے پاکستان کی بجلی کی صلاحیت میں ڈرامائی طور پر اضافہ کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی ترقیاتی منصوبوں کی مدد سے آج 50 ملین سے زائد گھروں کو بجلی فراہم ہو رہی ہے، امریکا اور پاکستان گرین الائنس کے ذریعے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا اور پاکستان پانی کے انتظام، آب و ہوا سے متعلق اسمارٹ زراعت پر کام کر رہے ہیں، دونوں ممالک قابل تجدید توانائی پر کام کر رہے ہیں۔