ٹریفک کنٹرول کرنے میں پولیس بری طرح ناکام، افسروں کیلئے بھی گاڑیاں روکی جانے لگیں

March 01, 2024

کراچی(ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )شہر کے ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں ٹریفک پولیس بری طرح سے ناکام ہو گئی ہے،وی وی آئی پی موومنٹکیساتھ اب ٹریفک پولیس نے اپنے افسران کے لیے بھی ٹریفک کو روکنا شروع کر دیا ہے۔شہر میں ایک جانب پی ایس ایل کے میچز کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، دوسری جانب یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر گڑھے اور کھڈوں کی وجہ سے آئے روز ٹریفک جام رہتا ہے،تیسری جانب وی وی آئی پی اور وی آئی پی موومنٹ کے باعث بھی ٹریفک کو روک دیا جاتا ہے لیکن اب ٹریفک پولیس نے اپنے افسران کے لئے بھی ٹریفک کو بلاجواز روکنا شروع کر دیا ہے۔ جمعرات کی شام بھی شاہین کمپلیکس پر آئی آئی چندریگر روڈ سے آنے والے پولیس افسر کے انتظار میں "پیک ٹائم" میں ٹریفک کو کافی دیر تک روکا گیا اور صرف ایک ہی سائیڈ سے آنے والی ٹریفک کو چلایا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ ،آرٹس کونسل چوک،پریس کلب چوک اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔وہاں موجود شہریوں نے ٹریفک پولیس کے اس روئیے کے خلاف احتجاج بھی کیا لیکن ٹریفک اہلکار ٹس سے مس نہ ہوئے اور کافی دیر بعد پولیس افسر کی گاڑی گذرنے کے بعد دیگر سائیڈ کے ٹریفک کو کھولا لیکن اس دوران شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور چاروں جانب سے ٹریفک آنا شروع ہو گیا جسکے باعث صورتحال مزید بدتر ہو گئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔شہر میں ٹریفک جام کی صورتحال معمول بن گئی ہے جسکے باعث شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔