لبنان کی ’فرح دخل اللّٰہ‘ نیٹو کی ترجمان مقرر

March 01, 2024

--فائل فوٹو

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے لبنانی نژاد برطانوی خاتون فرح دخلاللّٰہ کو اتحاد کا ترجمان مقرر کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فرح دخلاللّٰہ برطانیہ اور اقوام متحدہ میں کئی عہدے سنبھال چکی ہیں۔

نیٹو کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان کے مطابق فرح دخلاللّٰہ رواں ماہ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ فرح دخلاللّٰہ کو نیٹو کی اگلی ترجمان کے طور پر خوش آمدید کہنے کا منتظر ہوں، ایک زیادہ خطرناک دنیا میں میڈیا کے ساتھ واضح اور بروقت رابطہ پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

رپورٹس کے مطابق فرح نے اپنی بنیادی تعلیم لبنان میں حاصل کی، 2004ء میں انہوں نے بیروت کی سینٹ جوزف یونیورسٹی سے آڈیو ویژول آرٹس میں یونیورسٹی ڈگری حاصل کی۔

اس کے بعد انہوں نے 2005ء میں لندن اسکول آف اکنامکس سے میڈیا اور کمیونیکیشن میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ بعدازاں 2009ء میں انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں دوسری ماسٹر ڈگری بھی حاصل کی۔