مہمانوں کی گیلری سے پی ٹی آئی قیادت کیخلاف نعرے، سنی اتحاد کونسل کے ارکان کا شور شرابہ، شکست خوردہ حریف امیدواروں کی فراخدلانہ مبارکباد، جھلکیاں

March 02, 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) اسپیکر کے انتخاب کے دوران مہمانوں کی گیلری سے تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف زوردار نعرہ بازی ہوتی رہی جس میں ’’چور چور، گھڑی چور‘‘ کے نعرے کو برتری حاصل رہی ،سردار ایاز صادق کے قومی اسمبلی کا اسپیکر اور سید مصطفیٰ شاہ کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے کے عمل میں سنی اتحاد کونسل کے ا رکان کی نام نہاد مزاحمت اس وقت سامنے آگئی جب دونوں عہدیداروں کا چناؤ مکمل ہوگیا تو ان کے شکست خوردہ حریف امیدواروں نے نہ صرف انہیں فراخدلانہ مبارک باد پیش کی بلکہ وہ ان کی تقاریر بڑے تحمل سے سنتے رہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے شور شرابہ کیا اور عبوری اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی اجازت سے رونا دھونا کیا کہ انہیں مخصوص نشستوں سے محروم رکھا گیا ہے بیرسٹر گوہر نے نکتہ اعتراض پیش کیا جس پر انہوں نے اسپیکر سے تقاضا کیا کہ وہ اس پر رولنگ دیں راجہ پرویز اشرف نے جواباً بتایا کہ یہ اعتراض کا فورم نہیں ہے آپ اپنی شکایت الیکشن کمیشن یا عدالتوں میں لیکر جائیں ۔ مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے سنی کونسل کے وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار عمر ایوب خان کے ایسے ہی نکتہ اعتراض پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمر ایوب لوٹا ہے جس نے سائیکل، شیر اور کس کس نشان پر انتخاب لڑا ہے عمر ایوب اس کا کوئی جواب نہیں دے سکے۔