نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز، کوچنگ اسٹاف کی تقرری انتظامیہ کی ترجیحات

March 03, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو قومی ٹیم کے لئے کوچنگ اسٹاف کی تقرری نئی انتظامیہ کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔پی سی بی میں پنجاب حکومت کے چار افسران دو سال کی ڈیپوٹیشن پر آئے ہیں اور انہیں آئندہ ہفتےاہم عہدوں پر تقررکیا جائے گا۔چیف سلیکٹر اور سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر وہاب ریاض کرکٹ کے معاملات میں چیئرمین محسن نقوی کی معاونت کررہے ہیں۔کوچنگ اسٹاف سے متعلق آئندہ ہفتے پیش رفت کی توقع ہے۔کوچنگ اسٹاف کے لئے سب سے بڑا ہدف جون میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے ناموں والے کوچز کی لیگز میں مصروفیات کے باعث مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم فوری طور پر غیرملکی کنسلٹنٹس اور ملکی کوچز کا آپشن بھی موجود ہے۔اس بارے میں ہوم ورک کیا جارہا ہے۔محمد حفیظ اور ان کی ساتھیوں کی سبکدوشی کے بعد ایک مضبوط کوچنگ ٹیم کو سامنے لایا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپریل کے وسط میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز راولپنڈی اور لاہور میں 18 اپریل سے شروع ہوگی۔اس کے علاوہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے۔