دہشتگردی پھیلانے کے ثبوت منظر عام پر، افغانستان سے بھارتی دہشتگرد گرفتار

March 03, 2024

کابل (صباح نیوز) خطے میں دہشتگردی پھیلانے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ایک بار پھر ثبوت منظر عام پرآگئے، افغانستان سے بھارتی دہشتگردکو گرفتار کرلیا گیا ۔ افغانستان کے شہر قندھار سے بھارتی دہشتگرد ثناء الاسلام کو گرفتار کیا گیا، ثناء الاسلام کا تعلق بھارت کے شہر کیرالہ سے ہے اور یہ تاجکستان کے راستے افغانستان میں داخل ہوا، دہشت گرد نے داعش سے رابطہ کا اعتراف بھی کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے بھارتی دہشتگرد کو داعش سے تعلق اور رابطہ ہونے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے ، بھارتی شہری ثناءالاسلام نے تحقیقات کے دوران داعش کے ساتھ رابطہ ہونے کا اعتراف کیا ۔ثناء الاسلام نے بھارتی افسران کے حکم پر افغانستان آنے کا بھی اعتراف کیا ، اس کے افغانستان آنے کا مقصد بھارتی افسران کے حکم کے مطابق داعش کے نمائندوں سے ملنا تھا، 2016میں بھی ایک بھارتی خاتون آئی ایس آئی ایس کے لیے کام کرنے کے جرم میں گرفتار کی گئی تھی۔نومبر 2019 میں بھی آئی ایس آئی ایس کے لیے کام کرنے والی 10 بھارتی خواتین ننگرہار سے گرفتار ہوئی تھیں، بھارت کی انتہا پسندی اور دہشتگردی اب خطے کے پائیدار امن کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔