تقسیمِ ہند کے وقت بچھڑے دوستوں کی ملاقات، ویڈیو وائرل

March 14, 2024

دنیا میں آج تک جتنی بھی قوموں نے آزادی حاصل کی ہے اُنہیں اس کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دینی پڑیں۔

1947ء میں جب پاکستان اور بھارت نے انگریزوں سے آزادی حاصل کی تو تقسیمِ ہند کے وقت متعدد تلخ واقعات پیش آئے جن سے جُڑے قصّے وقتاََ فوقتاََ سامنے آتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں ایک قصّہ امریکا میں سامنے آیا ہے جہاں تقسیمِ ہند کے وقت بچھڑنے والے دو دوستوں کی کئی برسوں کے بعد ملاقات ہوئی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے پیج براؤن ہسٹری نے گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والی ان دوستوں کی ملاقات کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں 32 سالہ میگن کوٹھاری اپنے دادا سریش کوٹھاری کی ان کے بچپن کے دوست اے جی شاکر کے ساتھ ملاقات کرواتے نظر آ رہی ہیں۔

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں دوست گجرات کے شہر ڈیسا میں ایک ساتھ پلے بڑھے اور پھر تقریباً 12 سال کی عمر میں تقسیمِ ہند کے وقت الگ ہوگئے۔

میگھن کوٹھاری نے اس ویڈیو میں بتایا کہ جب میرے دادا کے دوست 1947ء میں پاکستان پہنچے تو انہوں نے میرے دادا کو خط لکھا کہ وہ راولپنڈی پہنچ گئے ہیں اور خط میں اپنا پتہ بھی بتایا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میرے دادا اور ان کے پاکستانی دوست نے کئی برس تک ایک دوسرے کو خط لکھنے کی کوشش کی لیکن دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے یہ ناممکن رہا اور دونوں کا 1947ء سے 1981ء تک کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔

میگھن کوٹھاری نے بتایا کہ تقسیمِ ہند کے بعد ان دونوں کی پہلی ملاقات 1982ء میں نیویارک میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی اور اب گزشتہ سال اکتوبر میں ان دونوں کی دوبارہ ملاقات ہوئی۔