• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبیا کے آرمی چیف کے طیارے کو حادثہ کیسے پیش آیا؟ ویڈیو منظر عام پر

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

لیبیا کے آرمی چیف محمد علی احمد الحداد کا طیارہ ترکیہ کے شہر انقرہ سے روانہ ہونے کے بعد تباہ ہوگیا۔ آرمی چیف کے طیارے کو پیش آنے والے اس حادثے کے لمحات کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ان لمحات کو دیکھا جاسکتا ہے جب لیبیا کے آرمی چیف کو لے جانے والا نجی طیارہ ترکیہ کے ضلع ہایمانا میں حادثے کا شکار ہوا۔

فوٹیج میں فالکن 50 بزنس جیٹ کو ہایمانا کے علاقے کیسک کاواک (Kesikkavak) کے قریب، انقرہ سے تقریباً 70 کلومیٹر جنوب میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

لیبیا کے حکام کے مطابق گزشتہ روز ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایسن بوغا ایئرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس جاتے ہوئے آرمی چیف جنرل محمد علی احمد الحداد اپنے دیگر 4 ساتھی فوجی افسران سمیت  اس حادثے میں جابحق ہو گئے۔ حادثے میں طیارے کے عملے کے 3 ارکان بھی جان کی بازی ہار گئے۔

ان کے ساتھ جاں بحق ہونے والوں میں جنرل الفیطوری غریبل (سربراہ بری افواج)، بریگیڈیئر جنرل محمود القطاوی (سربراہ ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی)، محمد الاساوی دیاب (چیف آف اسٹاف کے مشیر) اور محمد عمر احمد محجوب (چیف آف اسٹاف کے دفتر سے منسلک فوجی فوٹوگرافر) شامل ہیں۔

اس حوالے سے لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے تصدیق کی اور اسے ملک کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ طیارے کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب وہ لیبیا واپس آرہا تھا۔

جنرل الحداد مغربی لیبیا کے اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر تھے اور ایسے وقت میں جب ملک کے ریاستی ادارے بدستور تقسیم کا شکار ہیں وہ اقوام متحدہ کی قیادت میں لیبیا کی منقسم فوج کو متحد کرنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔

طیارے کے تین عملے کے ارکان کے نام فوری طور پر جاری نہیں کیے گئے۔

طیارہ حادثے کا شکار کیسے ہوا؟

ترک حکام کے مطابق پرواز کے فوراً بعد طیارے میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی گئی اور ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی گئی۔

جیٹ طیارہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے کے بعد انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے روانہ ہوا اور چند منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا، جس کے بعد اسے واپس ایئرپورٹ کی جانب موڑنے کی اجازت دی گئی۔

لینڈنگ کے دوران طیارہ ریڈار سے غائب ہو گیا اور اس سے دوبارہ رابطہ قائم نہ ہوسکا۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ طیارہ رات 8 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوا اور تقریباً 40 منٹ بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہایمانا کے قریب طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کا سگنل دیا، جس کے بعد تمام مواصلاتی رابطہ ختم ہو گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید