کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کی ٹیچر کو اغوا کرنے کی کوشش

March 22, 2024

فوٹو اسکرین گریب

کندھ کوٹ میں پولیس سے بے خوف ڈاکوؤں کی ایک اور اسکول ٹیچر کو اغوا کرنے کی کوشش سامنے آئی ہے۔

اغوا میں ناکامی پر ڈاکوؤں نے اسکول ٹیچر عبدالرحیم باجکانی اور اس کے والد کو زخمی کردیا، زخمی استاد نے کچے کے اسکولوں میں پڑھانے والے ٹیچرز کو تحفظ دینے کا مطالبہ کردیا۔

کندھ کوٹ میں ہی چند روز قبل پرائمری ٹیچر اللّٰہ رکھیو نندوانی کو قتل کیا گیا تھا۔

ٹیچر کے قتل میں ملوث ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کا آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے۔

آپریشن کے دوران قتل کے ملزم صدام نندوانی کے گینگ کے متعدد ٹھکانوں کو مسمار کردیا گیا۔

ایس ایس پی کندھ کوٹ نے عزم ظاہر کیا کہ اللّٰہ رکھیو نندوانی کے قاتلوں کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رہےگا۔

پنجاب کے ضلع راجن پور کے کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار بھی زخمی ہوگیا۔