ماہرہ خان نکاح سے پہلے شوہر کیساتھ فوٹو شوٹ کیوں نہیں کروانا چاہتی تھیں؟

March 27, 2024

ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی شادی کی دلچسپ تفصیلات بتا دیں۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج کل فوٹو گرافرز نکاح سے پہلے دولہا اور دلہن کا فوٹو شوٹ کرتے ہیں لیکن میں نہیں چاہتی تھی کہ نکاح سے پہلے سلیم مجھے دیکھیں اس لیے میں نے نکاح سے پہلے فوٹو شوٹ کروانے سے منع کر دیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں اور سلیم دونوں الگ الگ جگہ پر موجود تھے اور نکاح نامے پر دستخط کرنے کے بعد میں سلیم کے سامنے آئی۔

انہوں نے کہا کہ اب جب نکاح ہوگیا تو سب لوگ سلیم اور مجھ سے ملنے آ رہے تھے اس دوران میں بھول گئی کہ فوٹو شوٹ کروانا ہے پھر اتنے میں فوٹوگرافر نے یاد دلایا کہ سورج کی روشنی مدھم ہو رہی ہے اور فوٹو شوٹ ابھی باقی ہے۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ پھر ہم نے جلدی جلدی تصاویر لیں کیونکہ سورج غروب ہورہا تھا تو میرے پیچھے ایک لائٹ رکھی اور ہم نے دو تین تصاویر لیں جو بہت ہی خوبصورت ہیں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں بہت زیادہ پوز بنا کر تصاویر نہیں بنوانا چاہتی تھی اور نہ ہی ایڈیٹوریل تصاویر بنوانا چاہتی تھی بس سادہ، خوبصورت اور یاد گار تصاویر چاہیے تھیں۔

اداکارہ نے یہ کہا کہ جو لوگ سلیم کے بارے میں یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ 66 سالہ ٹائیکون ہیں تو ایسا کچھ بھی نہیں نہ ان کی عمر 66 سال ہے اور نہ ہی وہ ابھی کوئی بہت بڑے کاروباری شخص ہیں لیکن اگر اللّٰہ نے چاہا تو ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں کبھی وہ ٹائیکون بھی بن جائیں۔

واضح رہے کہماہرہ خان نے اپنے قریبی دوست اور بزنس مین سلیم کریم سے گزشتہ سال اکتوبر میں شادی کی تھی۔

سلیم کریم کون ہیں؟

پاکستان سے تعلق رکھنے والے سلیم کریم کاروباری دنیا کی ایک ممتاز شخصیت ہیں جو ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ’سِم پیسہ‘ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔

یہ کمپنی دنیا بھر میں 15 سے زیادہ ممالک کی کاروباری شخصیات کو اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔

سلیم کریم بزنس مین ہونے کے علاوہ ایک پیشہ ور ڈی جے بھی ہیں لیکن ان کا پاکستانی شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں۔