اسٹاک مارکیٹ: نیا ریکارڈ

March 29, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو غیر معمولی تیزی کے سبب نئی تاریخ رقم ہوگئی اور 100انڈیکس کا بلند ترین سطح کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد نجکاری بارے حکومت کی واضح پالیسی سے سرمایہ کار ایک بار پھر متحرک ہوگئے۔ پی آئی اے کی نجکاری سے 300ملین ڈالر کی متوقع آمدنی کے منصوبے کے باعث اس کا شیئر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز رہا جس کی قیمت 700فیصد بڑھ گئی۔ سیمنٹ، بینکنگ، آئل اینڈ گیس اور دیگر منافع بخش سیکٹر زمیں خریداری سے بنچ مارک انڈیکس 641 پوائنٹس اضافے سے 66ہزار 547پوائنٹس پر پہنچ گیا جو تاریخ کی بلند ترین سطح ہے ۔اس سے قبل انڈیکس دسمبر 2023میں414 پوائنٹس اضافے کے بعد 66 ہزار 426 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔جمعرات کو بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 11 بجے کے ایس ای 100 انڈیکس نے 67 ہزار کی حد عبور کرلی۔ مذکورہ اضافے کو کلی معاشی منظر نامے میں مثبت پیش رفت کو قراردیا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کی مارکیٹ میں گزشتہ 6 مہینوں میں سب سے زیادہ اضافہ کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ ہے۔ بدھ کو 51.37فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوںمیں اضافہ ہوا۔ سرمایہ کاری 81ارب 74کروڑ 37ہزار روپے بڑھ گئی ۔ بازار میں 35کروڑ 45لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے۔ سرمائے کا مجموعی حجم 93 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا۔ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں اضافے کا سلسلہ بھی گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے۔انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر 278 روپے تک پہنچ گئی۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 7پیسے سستا ہوا۔ ماہرین نے وزیر خزانہ کی معیشت سدھارنے کی منصوبہ بندی کو بہترین قرار دیا ہے تاہم انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور داسو ہائیڈرو پروجیکٹ سے منسلک پانچ چینی انجینئروں کی ہلاکت سے حکومت کا چینی مارکیٹ میں 30کروڑ ڈالر پانڈابانڈ لانچ کرنے کا منصوبہ متاثر ہوسکتا ہے۔