وزیراعظم کی اخبارات کے واجبات جلد ادا کرنے کی ہدایت

March 29, 2024

کراچی (جنگ نیوز)وزیراعظم نے اخبارات کے واجبات جلدازجلد ادا کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے ، انہوں نے اس سلسلے میں وزارت اطلاعات کو ہدایت بھی کردی ہے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفد میں ناز آفرین سہگل، سرمد علی، مجیب الرحمٰن شامی، شہاب زبیری، محمد اطہر قاضی، سید منیر جیلانی ، محسن بلال، مہتاب خان اور فیصل زاہد ملک شامل تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔ وزیراعظم نے اے پی این ایس کی نو منتخب پینل کو مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بہت مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے، انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی ہمارا سب سے بڑا چیلنج اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معیشت کی بحالی کی کوششوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ محصولات کی وصولی کے نظام کو جدید بنانے کے حوالے سے لائحہء عمل تیار کیا جا رہا ہے؛ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی جا رہی ہے اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔