عید پر مزیدار گلاب جامن، ناریل کی مٹھائی، رس ملائی بنائیں

April 11, 2024

--- فائل فوٹو

میٹھی عید ہو اور پکوان میں میٹھا ہی نہ ہو یہ کیسے ممکن ہے۔

میٹھی عید پر روایتی شیر خرما تو ہر گھر میں بنتا ہے تو اس بار کیوں نہ کچھ نیا ہو جائے۔

اس عید مزیدار گلاب جامن، ناریل کی مٹھائی اور رس ملائی گھر پر ہی بنائیں اور مہمانوں سے داد بھی وصول کریں۔


گلاب جامن

اجزاء:

کھویا 500 گرام، میدہ 50 گرام، بیکنگ پاؤڈر ½ کا چمچ، انڈا ½، پانی 2 کپ، چینی 2 کپ، الائچی 2 عدد، کھانے کا تیل ½ 1 لیٹر۔

ترکیب:

ایک پین میں پانی لیں اور اس میں چینی، الائچی اور چند قطرے لیموں کا رس ڈال کر 10 سے 15 منٹ تک ہلکی آنچ پر پکا کر شیرہ تیار کر لیں۔

اب ایک باؤل میں کھویا ڈال کر باریک کر لیں اور اس میں میدہ، بیکنگ پاؤڈر اور انڈا ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں اور گوندھ لیں۔

اب اس سے گول شکل کے گلاب جامن بنا لیں۔

پھر ایک پین میں کھانے کے تیل کو گرم کر لیں اور اس میں تیار شدہ گلاب جامن ڈال کر لائٹ براؤن ہونے تک فرائی کر لیں۔

اب گلاب جامن کو پہلے سے تیار شدہ شیرے میں ڈال کر کچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔

مزیدار گرما گرم گلاب جامن سرو کرنے کے لیے تیار ہیں۔

کھوپرے کی مٹھائی

اجزاء:

ناریل کا برادہ 1 پیالی، دودھ 1 پیالی، خشک دودھ 1 پیالی، انڈا 1 عدد، چینی 1 پیالی، گھی 1 پیالہ، وینیلا ایسنس چند قطرے، اخروٹ و بادام سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب:

ایک پیالی میں انڈا پھینٹ لیں، جب پیالی جھاگ سے بھر جائے تو اس میں چینی شامل کر دیں اور مزید پھینٹیں۔

اب گھی پگھلا لیں پھر ٹھنڈا کریں، اس میں کھوپرے کا برادہ، چینی، خشک دودھ اور تازہ دودھ شامل کریں اور لکڑی کی ڈوئی سے تمام اشیاء کو یکجان کریں۔

پھر اس میں انڈے اور چینی والا مکسچر بھی شامل کریں اور جب آمیزہ اچھی طرح مکس ہو جائے تو اس دیگچی کو دھیمی آنچ پر چولہے پر چڑھا دیں اور وقفے وقفے سے ڈوئی چلائیں۔

جب مکسچر خشک ہونے کے قریب ہو جائے تو اس کی بھنائی کرلیں۔

اسٹیل کی ٹرے یا ہموار ڈھکن پر گھی لگائیں اور اس پر بھنا ہوا مکسچر اُنڈیل لیں، اب بیلن کی مدد سے ہموار کریں اور چھری سے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

پیش کرنے سے قبل اُنہیں بادام کے ٹکڑوں سے سجائیں یا چاروں جانب سے ناریل کے برادے میں اچھی طرح لپیٹ دیں، مزیدار ناریل کی مٹھائی تیار ہے۔

رس ملائی

اجزاء:

کارن فلور 1چائے کا چمچ، دودھ 2 لیٹر، کاجو 35 گرام، بادام 35 گرام، پستہ 35 گرام، زعفران 1 چٹکی، کنڈنسڈ ملک ½ کپ، پانی 4 کپ، چینی 1 کپ، لیموں کا رس 3 چائے کے چمچ۔

ترکیب:

ایک پین میں دودھ (ایک لیٹر ) لے کر اُبال لیں، اب اس میں لیموں کا رس ڈال کر دودھ کو پھاڑ لیں گے۔

اب اس پھٹے ہوئے دودھ کو ایک ململ کے کپڑے میں ڈال کر چھان لیں اور ہلکا سا نچوڑ کر اضافی پانی نکال دیں۔

اب اس نچوڑی ہوئی پوٹلی کو 30 منٹ تک لٹکا کے رکھ دیں تاکہ مزید پانی نکل جائے۔

اب پھٹے ہوئے دودھ کو ایک برتن میں ڈال کر اس میں کارن فلور ڈال کر ہلکا سا ملائم کر کے پیڑے بنا لیں۔

پھر ایک پین میں پانی اور چینی لے کر اچھی طرح ہلا کر مکس کر لیں، پھر چولھے کی آنچ کو تیز کریں اور اس میں تیار کیے ہوئے پیڑے ڈال دیں۔

اس کے بعد ڈھکن بند کر لیں اور 18 منٹ تک پکا کر نکال لیں۔

اب تیار شدہ پیڑوں کو ایک برتن میں ڈال کر تیار شدہ شیرے میں ڈپ کریں اور ٹھنڈا کر لیں۔

پھر ایک پین میں دودھ (تین کپ) لیں اور اس میں کنڈنسڈ ملک، پستہ، کاجو اور بادام ڈال کر 12 سے 15 منٹ تک پکالیں اور گاڑھا ہونے پر اُتار لیں (دودھ ملائی تیار ہے)۔

اب ایک برتن میں پیڑے لیں اور اس پر تیار کی ہوئی دودھ ملائی ڈال دیں, مزیدار رس ملائی سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔