ملائیشیا: اسرائیلی شخص آتشیں اسلحہ رکھنے کے جرم میں گرفتار

April 12, 2024

تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ملائیشیا کی عدالت میں اسرائیلی شخص پر آتشیں اسلحہ رکھنے کے جرم کا الزام عائد کر دیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی شخص پر بغیر لائسنس کے 6 ہینڈ گنز کی اسمگلنگ اور گولہ بارود رکھنے کا الزام ہے۔

مذکورہ 38 سالہ اسرائیلی شخص شالوم اویتان کو 27 مارچ کو ملائیشیا کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ملائیشین پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ اس اسرائیلی شخص کا موساد سے تعلق ہے۔

عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ مشکوک اسرائیلی کی گرفتاری کے بعد ملائیشین وزیرِاعظم اور ملائیشین بادشاہ کے ارد گرد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا میں گرفتار مذکورہ اسرائیلی شخص ایک منظم جرائم کے گروپ کا رکن ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اسرائیلی شخص حریف گینگ لیڈر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق اس کیس کے سلسلے میں دیگر گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔